15 اگست ، 2018
بالی وڈ اداکار نواز الدین صدیقی کی برصغیر کے مشہور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بننے والی فلم ’منٹو‘ کا ٹریلر جاری ہوگیا۔
نواز الدین صدیقی بھارتی فلم نگری کا جانا پہچانا نام بن چکے ہیں اور کئی ایسے کردار کرچکے ہیں جنہوں نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔
نواز الدین نے اب تک کئی منفرد کردار کیے ہیں جس میں ’مانجھی دی ماؤنٹین مین‘، ’گینگز آف واسع پور‘، ’کک‘ اور ’ بجرنگی بھائی جان‘ کے کردار قابل ذکر ہیں۔
ورسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی برصغیر کے مشہور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بننے والی فلم ’منٹو‘ میں مرکزی کردار کررہے ہیں۔
فلم ’منٹو‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جسے یوٹیوب پر چند گھنٹوں میں 18 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
ٹریلر میں نواز الدین صدیقی نے جاندار اداکاری کرکے ایک بار پھر مداحوں کو اپنا گرویدہ بنالیا ہے جب کہ اس فلم کی انٹرنیشنل کانز فلم فیسٹول 2018 میں اسکریننگ ہوچکی ہے جہاں فلم کو بے حد سراہا گیا تھا۔
بالی وڈ اداکارہ و ہدایت کارہ نندتا داس نے فلم کی ہدایت کاری کے فرائض سرانجام دیئے ہیں جب کہ یہ فلم بھارت سمیت دنیا بھر میں 21 ستمبر کو پیش کی جائے گی جس میں نواز الدین کے علاوہ پاریش راول اور رشی کپور بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
یاد رہے کہ سعادت حسن منٹو کی زندگی پر 2015 میں پاکستان میں بھی فلم بنائی گئی تھی جسے سرمد کھوسٹ نے خود ہی ڈائریکٹ کیا تھا اور مرکزی کردار بھی ادا کیا تھا۔
فلم میں ثانیہ سعید، صبا قمر اور سویرا ندیم سمیت کئی اداکاروں نے اہم کردار کیے تھے اور فلم کو دنیا بھر میں بھی بے حد پسند کیا گیا تھا۔