Time 22 اگست ، 2018
پاکستان

ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں لاکھوں فرزندان توحید سنت ابراہیمی میں مصروف ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت اور احترام سے منائی جارہی ہے۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر شہر شہر نماز عید کے چھوٹے بڑے سیکڑوں اجتماعات منعقد کیے گئے اور  نماز عید کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ کی سلامتی، خوشحالی اور ملک کی ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں بھی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

شہر قائد میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع پولوگراونڈ میں منعقد ہوا۔ اس کے علاوہ ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات بھی منعقد ہوئے جہاں لاکھوں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی۔

صدر ممنون حسین نے کراچی جب کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں نماز عید ادا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے ریس کورس پارک جب کہ سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار بھی لاہور میں عید منا رہے ہیں۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی کے سلسلے میں جانوروں کی قربانی کی گئی۔

سندھ پولیس نے عید الاضحیٰ کے موقع پر امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے کنٹی جینسی پلان مرتب کیا ہے جبکہ انتظامیہ نے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لئے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

عید کامزہ دوبالا کرنے کے لیے خواتین کی جانب سے بھی گھروں میں مزے مزے کے پکوانوں کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔

کوئی قوم قربانی کےجذبے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، عمران خان

عید کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، کوئی بھی قوم ایثار و قربانی کےجذبے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کا مقصد خود کو رب کریم کے حکم کےتابع کرنا ہے، اس کا مقصد اپنی خواہشات و مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لئے قربان کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سنت ابراہیمی کاتقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں، ہمیں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں معاشی طور پر پیچھے رہ جانے والوں کا خاص خیال رکھناچاہئے۔

اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن اور ترقی عطا فرمائے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن اور ترقی عطا فرمائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے افواج پاکستان کی طرف سے پاکستانیوں کو عید مبارک دی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول چیف اور ائیر چیف کی جانب سے بھی قوم کو عید کی مبارکباد پیش کی گئی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ عید الاضحی قربانی، صبر و ایثار کی تعلیم دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سنت ابراہیمی کو مشعل راہ بنانا ہوگا، قربانی کے جذبے سے سرشار قوموں کاکبھی زوال نہیں آسکتا۔

جام کمال نے کہا کہ جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں اردگرد کے غرباء کو بھی شریک کریں، عید قربان انسانیت سے محبت اور ایثار کی تجدید کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قربانی کا جذبہ پیدا کریں، حکومتی پالیسیوں سے ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

قربانی کا عظیم جذبہ دین اسلام کی میراث ہے، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے حج اور عید الااضحیٰ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں ہمیں غریب اور دیگر ہم وطنوں کا بھی خیال رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ مسلمانوں میں قربانی کا جذبہ پیدا کرتی ہے، قربانی کا یہ عظیم جذبہ دین اسلام کی میراث ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں قربانی دینا اہم ہے، قربانی کا جذبہ ہمیں انسانیت کے قریب لے کر جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ قربانیوں کی لازوال داستانوں سے بھری ہوئی ہے، نواز شریف بھی جمہوریت کے استحکام کے لیےقربانی دے رہے ہیں، اور اس کو عوام قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جیل میں نوازشریف کا ہردن ایک عظیم جدوجہد کے لئے قربانی ہے۔

صدر مملکت منون حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات و قربانیاں قبول فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو مسائل سے نکال کر امن کا گہوارہ بنانے کیلئے اپنی پیاری چیزوں کی قربانی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج عظیم انبیاء نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی، یہ عمل رہتی دنیا کے لئے ایک مشعل راہ کی حیثیت اختیار کرگیاہے۔

ممنون حسین نے کہا کہ عبادت کی یہی روح ہے جو اس دنیا کو جنت کا نمونہ بناسکتی ہے، جان و مال کی قربانی سے انسان کو اپنی انا قربان کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔

مزید خبریں :