28 اگست ، 2018
پشاور سے تعلق رکھنے والے فرسٹ کلاس کرکٹ آل راؤنڈر جانثار خان نے امریکا کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنا لی۔
جانثار خان کا تعلق پشاور کے علاقے نوتھیا سے ہے۔ وہ پاکستان کی انڈر 15 اور 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔
انہوں نے 1995 میں انڈر 15 ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا جبکہ 1998 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
تاہم قومی ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے پر انہوں نے امریکا کا رخ کیا اور بہترین کارکردگی پر امریکا کی ٹی ٹوئنٹی قومی ٹیم میں شامل کرلیے گئے۔
اس حوالے سے جانثار خان کا کہنا ہے کہ امریکی ٹیم کا حصہ بننے پر انہیں خوشی ہے۔
ان کا کہنا تھا، 'میں پہلا پاکستانی ہوں جس نے فرسٹ کلاس کرکٹ بھی کھیلی اور امریکا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی بھی نمائندگی کر رہا ہوں'۔
جانثار اگلے ماہ سے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر راؤنڈ کھیلیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اچھا پرفارم کریں گے اور امریکی ٹیم کو اگلے راؤنڈ تک کوالیفائی کرنے میں ان کا بھی اہم کردار ہوگا۔
جانثار کی امریکی ٹیم میں شمولیت پر ان کے گھر والے بھی خوش ہیں۔ان کے بھائی کا کہنا ہے کہ 'محنت کبھی بھی ضائع نہیں جاتی'۔
واضح رہے کہ جانثار نے حالیہ امریکی ٹی ٹوئنٹی لیگ سیزن میں 83 میچز میں 3 ہزار سے زائد رنز بنائے اور 74 وکٹیں حاصل کیں۔