04 ستمبر ، 2018
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حکومت کا سہولت کار قرار دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مستقبل میں بھی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا کام کرتی نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن جمہوری قوتوں کےامیدوار نہیں تھے، ان کی نامزدگی بدنیتی پر مبنی تھی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی صرف حکومت کی سہولت کاری کا کردار ادا کر رہی ہے۔
ادھر وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد غیر فطری تھا جو ثابت ہوگیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن ارکان نظریاتی طور پر نہ یکجا تھے، نہ ہیں اور نہ ہی یکجا ہوسکیں گے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ہر کوئی یہی کہتا ہے کہ وہ اصل اپوزیشن ہے، کسی زمانے میں وہ بھی یہی کہتے تھے۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ خواہش ہے کہ مستقبل میں اپوزیشن متحد ہوکر کردار ادا کرے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے عارف علوی آج پاکستان کے 13ویں صدر منتخب ہوگئے جبکہ اپوزیشن جماعتیں صدر مملکت کے لیے مشترکہ امیدوار لانے میں ناکام رہیں۔
پارلیمنٹ میں پولنگ کے دوران 432 میں سے 424 ووٹ کاسٹ ہوئے اور 6 ووٹ مسترد اور دو ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا، عارف علوی نے 212، مولانا فضل الرحمان نے 131 اور اعتزاز احسن نے 81 ووٹ حاصل کیے۔