30 جولائی ، 2012
کراچی … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی گزشتہ روز دبئی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی سے ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال پر غو ر کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے گزشتہ روزدبئی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر سندھ کے علاوہ رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر رابطہ کمیٹی انیس قائم خانی ،رابطہ کمیٹی کے ارکان رضاہارون،انیس ایڈووکیٹ، قاسم علی رضا،محمدانور، طارق میر،وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ بابر غوری اورصوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عادل صدیقی نے شرکت کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی ومعاشی صورتحال پر غو ر کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیاگیا کہ دونوں جماعتیں ملک میں جمہوریت کے استحکام اور ملک کی ترقی کیلئے مشترکہ کوششیں اورتعاون جاری رکھیں گی۔ ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے ارکان نے وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک سے پاکستان خصوصاً کراچی میں امن امان کی خراب صورتحال پر اپنی سخت تشویش کا اظہار کیا اور شہرمیں سرگرم پرچی اور بھتہ مافیا کی جانب سے تاجروں، صنعتکاروں، دکانداروں اورعام شہریوں کوبھتہ کی پرچیاں دینے، انہیں ہراساں کرنے اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ان کی فیکٹریوں، کاروباری مراکز، دکانوں اور گھر وں پر دستی بموں سے حملے کرنے، تاوان کی غرض سے اغواکرنے اوربھتہ اورتاوان ادانہ کرنے پرمعصوم شہریوں کو قتل کرنے، ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قتل اور دہشت گردی کی دیگر وراداتوں اور ان کی روک تھام کیلئے حکومت اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے موٴثرکارروائی نہ کئے جانے پر اپنے سخت تحفظات کا اظہار کیا اور رحمان ملک سے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کراچی کے تاجروں، صنعتکاروں اور دکانداروں سمیت تمام شہریوں کی جان ومال کو تحفظ کرے اور بھتہ مافیاکے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے رابطہ کمیٹی کو یہ یقین دلایا کہ حکومت بھتہ مافیا،پرچی مافیا اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی کرے گی اور پاکستان کے معاشی حب کراچی میں امن امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اپنابھر پور کر دار ادا کرے گی۔