13 ستمبر ، 2018
نجی اسکول مالکان نے سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے 5 فیصد اضافے کا حکم ماننے سے انکار کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نجی اسکولوں نے فیسوں میں کمی سے انکار کے حوالے سے محکمہ تعلیم کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
نجی اسکولوں کی جانب سے محکمہ تعلیم کو لکھے گئے خط کہا ہے کہ ہمارےاخراجات فیس کم کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔
نجی اسکولز مالکان نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین ماہ تک سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے رواں ماہ کے اوائل میں نجی اسکولوں کی جانب سے فیسوں میں 5 فیصد سے زائد اضافے کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔
دو روز قبل محکمہ تعلیم سندھ نے عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے نجی اسکولوں کو فیسوں میں 5 فیصد سے اضافہ واپس کرنے یا پھر انہیں اگلے ماہ کی فیسوں میں ایڈجسٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔