دنیا
Time 14 ستمبر ، 2018

بیٹے کی یاد میں سڑکیں ٹھیک کرنے والا شہری

ممبئی میں رہائش پذیر دادا راؤ بلہورے کا 16 سالہ بیٹا پرکاش بلہورے 2015 میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہو گیا تھا— فوٹو: اے ایف پی 

ممبئی کی سڑکوں پر اکثر نظر آنے والا دادا راؤ بلہورے نہ تو کوئی میونسپلٹی ورکر ہے اور نہ کسی تعمیراتی کمپنی کا ملازم بلکہ وہ ایک بزنس مین ہے مگر اس کے باوجود وہ شہر کی خراب سڑکوں کی پیوندکاری کرتا ہے۔

دادا راؤ بلہورے کو 16 سالہ بیٹے پرکاش کی 2015 میں ایک ٹریفک حادثے میں ہلاکت کا ایسا صدمہ پہنچا کہ اب اس نے بیٹے کی یاد میں کسی سرکاری مدد کے بغیر خود ہی سڑکوں کو ٹھیک کرنے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے۔

دادا راؤ اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی پیوندکاری میں مصروف — فوٹو:  اے ایف پی 

بیٹے کے انتقال کے بعد 3 برسوں میں وہ ممبئی کی سڑکوں 600 سے زائد گڑھے درست کر چکا ہے جس سے نہ جانے کتنی کی جانیں بچ چکی ہیں۔

دادا راؤ بلہورے کا کہنا ہے کہ 'ممبئی کی سڑکوں پر روڈ ایکسیڈنٹ کی بڑی وجہ گڑھے ہیں اور بیٹے کو کھونے کے بعد میں نے یہ سلسلہ اکیلے شروع کیا، میں اپنا بیٹا کھوچکا ہوں اور چاہتا ہوں کہ کوئی اور اپنا بیٹا نہ کھوئے۔'

دادا راؤ گڑھے بھرنے میں جتے ہوئے — فوٹو:  اے ایف پی 

دادا راؤ بلہورے روزانہ اپنی گاڑی میں سڑکوں کی پیوندکاری کاسامان لے کر نکل جاتے ہیں اور اکیلے ہی یہ کام کرتا ہے۔

دادا راؤ کے مطابق اس نے بیٹے کی ہلاکت کے بعد حکومت کو درخواست جمع کرائی تھی جس کے بعد وہ گڑھا بھر دیا گیا لیکن وہ گڑھے بھرنے کے لیے کسی کی موت کا انتظار نہیں کرسکتا تھا۔

دادا راؤ بغیر کسی مدد کے کام میں مگن — فوٹو: اے ایف پی

ان کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے اپنی دکان کے سامنے گڑھے کو بھر کر سلسلہ شروع کیا جس کے بعد اب لگتا ہے کہ کئی 'پرکاش' بچا چکا ہوں۔

دادا راؤ ممبئی کے علاوہ ریاست مہاراشٹرا اور پورے ملک میں یہ کام کرنے کے خواہش مند ہیں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جائے۔

مزید خبریں :