15 ستمبر ، 2018
کراچی: پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے نئی حکمت عملی کے تحت اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی مختلف واردتوں میں ملوث 40 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے جیو نیوز بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کو اسٹریٹ کرائم کے ملزمان کے خلاف اہم ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے اور اس کے نتیجے میں ایک ہفتے کے دوران 18 وارداتوں میں ملوث 40 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
امیر شیخ نے مزید بتایا کہ ضلع غربی میں اسٹریٹ کرائمز، دکانوں اور دیگر املاک پر مختلف 5 وارداتوں میں ملوث 13 جرائم پیشہ افراد کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے 3 وارداتوں میں ملوث 7، کورنگی ڈسٹرکٹ پولیس نے 3 وارداتوں میں ملوث 5، ضلع جنوبی پولیس نے 3 وارداتوں میں ملوث 2 اور ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے ایک واردات میں ملوث 2 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے 3 وارداتوں میں ملوث 11 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
امیر شیخ کا کہنا تھا کہ مقدمات کی تفیش اور عدالتوں میں سماعت کے دوران اسٹریٹ کرمنلز اور ان کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو اہم ثبوت کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے گزشتہ ہفتے پولیس افسران کے ایک غیر معمولی اجلاس میں سی سی ٹی وی فوٹیج کو ملزمان کی گرفتاری کے ٹول کے طور پر استعمال کرنے پر زور دیا تھا۔