19 ستمبر ، 2018
کراچی: کے الیکٹرک نے بجلی کے تار گرنے سے معذور ہونے والے 8 سال کے بچے کے والدین سے معاہدہ کرلیا۔
کے الیکٹرک ہر مہینے بچے کو 25 ہزار روپے ہرجانہ دے گا، اس رقم میں ہر سال پانچ فیصد اضافہ ہوگا۔
کے الیکٹرک نے سندھ ہائیکورٹ کو معاہدے کی تفصیل سے آگاہ کردیا اور بتایا کہ واقعے پر گرفتار کے الیکٹرک کے 7 ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلی گئی ہیں۔
احسن آباد کے علاقے میں بجلی کے تار گرنے سے کمسن بچے محمد عمر کے بازو جھلس گئے تھے اور انہیں کاٹنا پڑا۔
بچے کے والدین نے کے الیکٹرک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا جب کہ کے الیکٹرک کی جانب سے بچے کے علاج و کفالت کی ذمہ داری اٹھانے کہا گیا تھا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی واقعہ کا نوٹس لیا تھا جبکہ کے الیکٹرک حکام سے وضاحت طلب کی گئی تھی۔
ہفتے کے روز کراچی کی ایک مقامی عدالت میں اس حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران عدالت کی جانب کے الیکٹرک کے 9 ملازمین کی عبوری ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد تمام ملزمان عدالت سے فرار ہو گئے تھے۔