24 ستمبر ، 2018
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن)نے مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کی غرض سے قائم کی جانے والی پارلیمانی کمیٹی کے لیے اپنے اراکین نامزد کردیئے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی زیرصدارت لیگی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس کی ابتدا میں کلثوم نواز کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اجلاس کے آغاز میں شہبازشریف نے پارلیمانی اراکین کو بتایا کہ (ن) لیگ کے تاحیات قائد نوازشریف بیگم کلثوم نواز کے چہلم تک کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے۔
شہبازشریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کی غرض سے پارلیمانی کمیٹی کے لیے ارکان نامزد کردیئے۔
مسلم لیگ (ن) کی طرف سے احسن اقبال، مرتضیٰ جاوید عباسی، رانا ثناءاللہ اور رانا تنویر حسین کو نامزد کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ مسلم لیگ (ن) نے وفاقی حکومت کے منی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اس معاملے پر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آواز اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کے بعد ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے واضح کیا کہ دھاندلی کی تحقیقات کےلیے اسمبلی کی خصوصی کمیٹی بنائی گئی ہے، پارلیمانی کمیشن نہیں۔
اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے ن لیگ کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منگل کی صبح ساڑھے9 بجے دوبارہ طلب کرلیا ہے۔
اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ کو طلب کیا گیا ہے۔