Time 28 ستمبر ، 2018
پاکستان

وزیر خارجہ کی زلمے خلیل زاد سے ملاقات،افغان امن عمل کیلئے تعاون کا اعادہ


نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے لیے امریکی مندوب زلمےخلیل زاد سے ملاقات کے دوران افغانستان میں قیامِ امن کے لیے پاکستانی تعاون کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کی غرض سے اِن دنوں امریکا میں موجود ہیں۔

زلمے خلیل زاد سے ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کو اپنے دیرپا استحکام اور ترقی کے لیے ضروری سمجھتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے تعاون کااعادہ کیا۔ 

اس موقع پر زلمےخلیل زاد نے کہا کہ وہ افغانستان میں امن واستحکام کے لیے پاکستان سے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

وزیر خارجہ سے ملاقات کے موقع پر زلمےخلیل زاد کے ساتھ امریکا کی پرنسپل ڈپٹی سیکریٹری ایلس ویلز بھی موجود تھیں۔

وزیر خارجہ کی بحرینی ہم منصب سے ملاقات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بحرینی ہم منصب شیخ خالد بن احمد الخلیفہ نے بھی ملاقات کی، جس کے دوران دونوں ملکوں نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر بحرینی وزیر خارجہ نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے ملک میں مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن مدد دی جائے گی۔

مزید خبریں :