11 اکتوبر ، 2018
لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے یہ حکم نیب کی درخواست پر دیا۔
درخواست میں بتایا گیا کہ علی عمران پر پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے سی ایف او نوید اکرام سے 13 کروڑ روپے رشوت لینےکا الزام ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ علی عمران یوسف کو تحقیقات کے لیےمتعدد بار نیب میں طلب کیا گیا مگر وہ پیش نہیں ہوئے، ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے مگر وہ بیرون ملک چلے گئے۔
درخواست میں استدعا ہے کہ عدالت انہیں اشتہاری قرار دینے اور جائیدادیں ضبط کرنےکاحکم دے۔
نیب پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ نے عدالت کو بتایا کہ علی عمران یوسف کی اربوں روپے مالیت کی جائیداد پاکستان میں ہے۔
علی اینڈ فاطمہ ڈویلپر کے نام پر گلبرگ میں اربوں روپے مالیت کا پلازا اور غوث الاعظم ڈویلپرز کے نام پر کروڑوں روپے کی جائیداد علی عمران کے نام ہے۔
علی سنٹر اور علی ٹاؤن میں کروڑوں روپے کے دفاتر اور اپارٹمنٹس بھی ان کی ملکیت میں ہیں، گلبرگ 3 میں کروڑوں روپے مالیت کا پلاٹ، مدینہ فیڈز مل اور علی پروسیڈ فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی علی عمران یوسف کی ملکیت ہے۔