18 اکتوبر ، 2018
لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے معروف انقلابی شاعر حبیب جالب کی صاحبزادی طاہرہ حبیب جالب کو 75 ہزار روپے کا بجلی کا بل بھیجنے کا نوٹس لے کر متعلقہ ایس ڈی او کو تفصیلات سمیت طلب کرلیا۔
ترجمان لیسکو کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور خاتون کو ہر ممکن سہولت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ حبیب جالب کی صاحبزادی طاہرہ حبیب جالب کو لیسکو کی جانب سے 75 ہزار روپے کا بجلی کا بل بھیجے جانے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں۔
حبیب جالب کی صاحبزادی لاہور کے علاقے وحدت روڈ پر مصطفیٰ ٹاؤن میں ڈھائی مرلے کے سنگل سٹوری مکان میں اپنی دو بہنوں اور اُن کے بچوں کے ہمراہ رہائش پذیر ہیں۔
حال ہی میں لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (لیسکو) نے انہیں 75 ہزار روپے بجلی کا بل بھجوا دیا، جسے کم کرانے کے لیے وہ دفتروں کے چکر لگا لگا کر تھک گئی ہیں۔
واضح رہے کہ طاہرہ حبیب آن لائن ٹیکسی سروس 'کریم' کے ساتھ بحیثیت ڈرائیور منسلک ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ وہ خاندان کی واحد کفیل ہیں اور گھر چلانے کے لیے ٹیکسی چلاتی ہیں، جو انہوں نے بینک سے قسطوں پر لے رکھی ہے۔
طاہرہ حبیب جالب کا کہنا ہے کہ حکمران اپنی تقریروں میں ان کے والد کے کلام کا حوالہ تو دیتے ہیں مگر ان کی آل اولاد کی پریشانیوں کا نوٹس نہیں لیتے۔
واضح رہے کہ غربت کی کوکھ سے جنم لینے والے عظیم انقلابی شاعر حبیب جالب 12 مارچ 1993 کو اس جہانِ فانی سے رخصت ہوئے تھے۔
حبیب جالب نے نامساعد حالات میں بھی عوام کے لیے آواز اٹھائی اور ان کی نمائندگی کا حق ادا کیا، ان کے بے باک قلم نے ظلم، زیادتی، بے انصافی اور عدم مساوات کے حوالے سے جو لکھا وہ زبان زدِ عام ہوگیا۔