25 اکتوبر ، 2018
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا ہے کہ وہ بتائیں ان سے این آر او مانگا کس نے ہے؟
مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے ماڈل ٹاؤن لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے این آراو مانگا کس نے ہے؟ وہ خود ہیلی کاپٹر کیس میں پھنسے ہیں، ان کےساتھی بھی کرپشن میں لتھڑے ہوئے ہیں، مگروہ دوسروں کو تڑیاں لگاتے ہیں کہ چھوڑوں گا نہیں۔
شہباز شریف کے صاحبزادے نے کہا کہ وہ علیم خان، پرویز خٹک، پرویز الٰہی نہیں ہیں جو این آر او مانگیں، عمران خان گرفتاری کی بات کرتے ہیں وہ خود بغض اورحسد میں گرفتار ہیں، دھاندلی کی پیداوار اور جعلی وزیراعظم ہیں، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار کیوں بن رہے ہیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ خالی برتن زیادہ کھنکتا ہے، انہیں حکومت گرانے کی جلدی نہیں، وہ انہیں موقع دینا چاہتے ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ وہی ہیں جونواز شریف کی گاڑی کندھوں پر اٹھایا کرتے تھے۔
حمزہ شہباز نے پنجاب کا بجٹ مسترد کرتے ہوے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں 450 ارب روپے کا کٹ لگا دیا گیا،جنوبی پنجاب کیلئے ان کی حکومت نے 230 ارب رکھےتھے آج جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے بھی کچھ نہیں رکھا گیا۔
حمزہ شہباز کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں احتجاج اپوزیشن کا نہیں صرف باپ بیٹے کا ہے، پیپلز پارٹی اندر بیٹھی ہوئی ہے، ن لیگ کو چوہدری پرویز الٰہی ہضم نہیں ہو رہے ہیں۔