پاکستان
Time 07 نومبر ، 2018

خیبرپختونخوا پولیس نے پرتشدد مظاہروں کی رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کردی


پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے حالیہ پرتشدد مظاہروں کی رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کردی۔

پولیس کے مطابق نوشہرہ اور ہنگو میں پرتشدد واقعات پیش آئے جب کہ ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والے ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ہنگو میں 25 پرتشدد مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جس میں سے تاحال 8 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مشتعل مظاہرین نے رشکئی انٹرچینج ٹول پلازا کو آگ لگائی جس کا مقدمہ رسالپور پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق رشکئی انٹر چینج واقعے میں نامزد 17 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں اور مزید ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 31 اکتوبر کو توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت پانے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سزا کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کرنے کے احکامات دیے جس کے بعد مذہبی جماعتوں نے ملک بھر میں احتجاج کیا۔

مظاہرین نے مختلف شہروں میں ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے علاوہ شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچایا اور بعدازاں حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان ایک معاہدے کے بعد احتجاج ختم کیا گیا۔

مزید خبریں :