دنیا
Time 14 نومبر ، 2018

افغان صوبے غزنی میں اتحادی فورسز کا فضائی حملہ، 60 طالبان ہلاک

غزنی میں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان کئی روز جاری رہنے والی لڑائی میں 30 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے — فوٹو:فائل 

افغانستان کے صوبے غزنی میں طالبان کے قافلے پر غیرملکی اتحادی فوج کے فضائی حملے  میں 60 طالبان ہلاک ہوگئے۔

افغان حکام کے مطابق غزنی میں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان کئی روز جاری رہنے والی لڑائی میں 30 سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔ 

پولیس ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ رات غزنی ارذگان ہائی وے پر اتحادی فورسز نے طالبان کے قافلے پر فضائی حملہ کیا جس  کے نتیجے میں 60 طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب افغان فوج اور طالبان کے درمیان جھڑپیں صوبے وردک کے علاقے سید آباد میں بھی ہوئیں جس میں 9 افغان فوجی ہلاک اور 5 طالبان مارے گئے۔

صوبے ارذگان میں ہونے والی جھڑپوں میں 10 سیکیورٹی اہلکار اور 15 طالبان ہلاک ہوئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی افغان فورسز نے غزنی میں طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے تھے جس میں طالبان کا بھاری جانی نقصان ہوا۔

مزید خبریں :