Time 16 نومبر ، 2018
پاکستان

چیف جسٹس کا گلگت بلتستان کے وزیر کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر بدتمیزی کا نوٹس

گلگت بلتستان کے صوبائی وزیر سیاحت فدا حسین نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ارائیول انچارج کے ساتھ بدتمیزی اور جھگڑا کیا— فوٹو: جیونیوز اسکرین گریب

چیف جسٹس پاکستان نے گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر حکام سے بدتمیزی کا ازخود نوٹس لے لیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے میڈیا پر خبریں نشر ہونے کے بعد اسلام آباد ائیرپورٹ پر گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت کی حکام کے ساتھ بدتمیزی کا نوٹس لیا ہے۔

رپورٹس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ گلگت بلتستان کے صوبائی وزیر سیاحت فدا حسین نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ارائیول انچارج کے ساتھ بدتمیزی اور جھگڑا کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیر نے ارائیول انچارج پر برہمی کے بعد انہیں دھکا دیا جس سے وہ زمین پر گر گیا۔

چیف جسٹس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فریقین کو ہفتے کے روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ خراب موسم کے باعث پرواز منسوخ ہونے پر گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر احتجاجاً اپنی جیکٹ جلائی تھی اور پی آئی اے حکام کے ساتھ بدتمیزی بھی کی تھی جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ چکی ہے۔

مزید خبریں :