رجنی اور اکشے کی فلم کروڑوں کی سنچری کے باوجود ’باہو بلی‘ کو نہ پچھاڑ سکی

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

بالی وڈ اداکار رجنی کانت اور اکشے کمار کی سائنس فکشن فلم ’2.0‘ نے ریلیز کے پہلے ہی روز  کروڑوں کی سنچری کر ڈالی۔

فلم ’2.0‘ سائنس فکشن فلم ہے جو کہ بھارتی تاریخ کی میگا بجٹ فلم ہے جس پر 550 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے۔

سائنس فکشن فلم کی ریلیز شوٹنگ مکمل نہ ہونے اور دوسری بڑی فلموں سے باکس آفس تصادم کے باعث کئی بار آگے بڑھی لیکن اب فلم نے نمائش کے پہلے ہی روز تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’2.0‘ نے ریلیز کے پہلے روز بھارت سمیت دنیا بھر میں 110 کروڑ بھارتی روپوں سے زائد کا بزنس کیا ہے۔

فلم کو متعدد زبانوں میں ڈب کرکے پیش کیا گیا ہے اور فلم نے ہندی زبان میں نمائش کے پہلے روز 20 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے، تامل میں 20 کروڑ بھارتی روپے، تیلگو میں 19 کروڑ، کیرالہ میں 5 کروڑ 50 لاکھ بھارتی روپے اور کرناٹک سے 8 کروڑ بھارتی روپوں کی کمائی کرکے بھارت سے 85 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے۔

رجنی کانت اور اکشے کی فلم نے بھارت سمیت دنیا بھر سے مجموعی طور پر 110 کروڑ بھارتی روپے کی کمائی کی۔

فلم نے پہلے روز کمائی کے ریکارڈ میں تمام بالی وڈ فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے لیکن فلم ’باہو بلی 2‘ کا کمائی کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہی جس نے ریلیز کے پہلے روز مجموعی طور پر دنیا بھر میں 121 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کی کمائی کی تھی۔

سائنس فکشن فلم میں رجنی کانت اور اکشے کمار نے مرکزی کردار کیے ہیں اور یہ فلم 2010 میں ریلیز ہونے والی ’روبوٹ‘ کا سیکوئل ہے۔

فلم کی حیران کن کمائی بغیر کسی چھٹی اور تہوار والے روز کی ہے جس کو تاریخ ساز قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ 550 کروڑ بھارتی روپوں سے بننے والی میگا بجٹ فلم نے ریلیز سے قبل ہی سیٹلائٹ، ڈیجیٹل اور ڈسٹری بیوشن رائٹس کی مد میں 370 کروڑ بھارتی روپے کی کمائی کرلی تھی۔

مزید خبریں :