پاکستان
Time 02 دسمبر ، 2018

سندھ حکومت کی سازش سے اب جائز گھر بھی توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایم کیو ایم

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحت کراچی کے علاقے ناگن چورنگی پر پانی کی عدم فراہمی پر مظاہرہ کیا گیا— فوٹو: ایم کیو ایم پاکستان 

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما عامر خان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی سازش سے اب جائز گھر بھی توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن حکومت کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہماری لاشوں کے اوپر سے مشینیں چڑھانی ہوں گی۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحت کراچی کے علاقے ناگن چورنگی پر پانی کی عدم فراہمی پر مظاہرہ کیا گیا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ہماری لاشوں کے اوپر سے تم کو مشینیں چڑھانی ہوں گی، عامر خان

احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے شہر کو صاف کرنے کا حکم ملا جس پر میئر کراچی نے تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع کیا اور سب سے داد وصول کی لیکن اب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی تجاوزات کی آڑ میں جائز گھروں کو بھی گرانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی سازش سے اب جائز گھر بھی توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن حکومت کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہماری لاشوں کے اوپر سے تم کو مشینیں چڑھانی ہوں گی، وسیم اختر نے صاف کہہ دیا ہے کہ اگر گھروں کو گرایا گیا تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔

عامر خان نے مزید کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کراچی کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے،  ووٹ مانگنے تو لوگ آجاتے ہیں لیکن مسائل کے حل کیلٸے کوئی نہیں آتا، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت سے ایک ایک چیز کا حساب لیں گے اور کے الیکٹرک کے ظلم کیخلاف احتجاج بھی ہوگا اور دھرنا بھی ہوگا۔

اگر وزیر بلدیات پانی فراہم نہیں کرسکتے تو استعفی دے دیں، خواجہ اظہار

احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ جب تک عوام احتجاج نہیں کرتے مسٸلہ حل نہیں ہوتا، احتجاج کے باوجود پانی پہلے سے زیادہ مہنگا فروخت ہورہا ہے، پہلے آٹھ آٹھ دن بعد پانی آتا تھا لیکن اب تو 25 دن بعد بھی پانی نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پانی کی چوری نہیں روکی گئی تو سوچیں گے کہ ٹیکس دینا ہے یا نہیں؟ کے فور میں سندھ حکومت نے کراچی والوں سے جھوٹ بولا ہے، اگر پانی کے مسئلے پر نوٹس نہیں لیا تو سندھ سیکریٹریٹ پر احتجاج کریں گے۔

خواجہ اظہار نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے اپنے حلقے میں عورتیں 2 کلومیٹر دور سے پانی بھر کر لاتی ہیں، آج پانی کیلئے اس جلسہ میں پی ٹی آئی کو بھی ہونا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی چوری پر ایف آئی آر کاٹنے سے سندھ حکومت ڈرتی ہے، اگر واٹر بورڈ نہیں سنبھل رہا تو ایم کیوایم کے حوالے کیا جاٸے ، ایم کیو ایم ایک ہفتے میں پانی کا مسٸلہ حل کردے گی۔

خواجہ اظہار الحسن نے سعید غنی سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیر بلدیات پانی فراہم نہیں کرسکتے تو استعفی دے دیں۔

ایم کیوایم کے میئر کراچی والوں کے گھر ڈھانے میں مصروف ہیں، مرتضیٰ وہاب

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے احتجاجی مظاہرے کے ردعمل میں مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ مشرف دور میں راج کرنے والی پارٹی کا پانی پر احتجاج ڈوب مرنے کا مقام ہے اور کراچی کو پیاسا رکھنے کی ذمہ داری ایم کیوایم پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج میں مٹھی بھر افراد کی شرکت ثبوت ہے کہ ایم کیوایم کی کہانی ختم ہوگئی، کراچی والے ایم کیو ایم پر بھروسہ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ اب تک صرف پی پی پی نے کراچی میں پانی کے بحران کے مسئلے کو سنجیدہ لیا، مردم شماری کے نتائج پر سمجھوتہ کرنے والی پارٹی منہ دکھانے کے لائق نہیں رہی، صرف پی پی پی سندھ میں مردم شماری کے نتائج کو چیلنج کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم نے کراچی پیکیج کے نام پر پی ٹی آئی سے سودا کیا لہٰذا ایم کیوایم والے بتائیں کہاں ہے کراچی پیکج؟ ایم کیوایم کے میئر کراچی والوں کے گھر ڈھانے میں مصروف ہیں لیکن پیپلزپارٹی کراچی والوں کے گھر بچانے کیلئے عدالت جارہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :