05 دسمبر ، 2018
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار کیے جانے والے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ بل گیٹس نے دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کرلی۔
وزیراعظم آفس کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کو فون کیا اور دونوں کے درمیان 30 منٹ تک بات چیت کا سلسلہ جاری رہا۔
اس موقع پر بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کی کاوشوں پر وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین کیا اور انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
وزیراعظم نے بل گیٹس کی جانب سے سماجی شعبے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران پاکستان کی معاشی صورتحال، غیرملکی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی تعاون اور پولیو کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق گفتگو کے دوران وزیراعظم نے بل گیٹس کو بتایا کہ پولیو کے خلاف پاکستان میں بھرپور آگاہی مہم شروع کررہے ہیں اور والدین کو پولیو کے خطرات سے آگاہی کا پلان بنایا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کیسز کے پاک افغان سرحد سے آمد کے خطرات زیادہ ہیں، افغانستان سے پشاور، چمن اور کراچی آنے والوں سے پولیو وائرس منتقلی روکنے پر اقدامات کررہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے مائیکرو سافٹ کے بانی کو بتایا کہ غربت کے خاتمے کے لیے بی آئی ایس پی کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں جب کہ ہیلتھ کارڈ اور چائلڈ ہیلتھ کی نئی اسکیمز لانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
مائیکرو سافٹ کے بانی نے وزیراعظم عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے دورہ پاکستان کی دی گئی دعوت بھی قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد پاکستان آئیں گے۔