Time 10 دسمبر ، 2018
پاکستان

نیب میں دفتری اوقات کے دوران افسران کے موبائل فون استعمال پر پابندی عائد

افسروں کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے بائیو میٹرک نظام پر عمل درآمد شروع کروایا جا چکا ہے، ترجمان۔ فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) میں دفتری اوقات کے دوران افسران پر موبائل فون استعمال نا کرنے کی پابندی کے ساتھ دیگر پابندیاں بھی عائد کر دی گئیں۔

نیب ترجمان کے مطابق چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب ملازمین کے لیے کارکردگی بہتر بنانے کے لیے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

احکامات کے مطابق دفتری اوقات میں افسران کے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

چیئرمین کے احکامات کے مطابق نیب کے گریڈ 18 کے افسران کے لیے وردی پہننا بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق افسروں کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے بائیومیٹرک نظام پر عمل درآمد شروع کروایا جا چکا ہے۔

اسی طرح دفتری اوقات میں ذاتی مہمانوں کی آمد اور ملاقات پر بھی پابندی ہو گی اور نیب افسران سے صرف سرکاری کام کے سلسلے میں ملاقات ہو سکے گی۔

چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب افسران کی اعلیٰ سیاسی شخصیات سے ملاقاتوں پر پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

مزید خبریں :