18 دسمبر ، 2018
بابا وانگا کے نام سے مشہور بلغاریہ کی پیشین گوئیاں کرنے والی نابینا خاتون نے 2019 میں امریکی و روسی صدور سمیت یورپ اور ایشیا کے لیے بھی خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں۔
بابا وانگا نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن پر قاتلانہ حملہ اور امریکی صدر ٹرمپ کے پُر اسرار بیماری کا شکار ہو کر قوت سماعت سے محروم ہونے کی پیشین گوئی کی ہے۔
اس کے علاوہ نابینہ بلغارین خاتون نے مستقبل کے رازوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے 2019 میں ایشیا میں ایک اور طاقتور سونامی اور یورپی یونین میں ٹوٹ پھوٹ کے علاوہ شہاب ثاقب کے روس سے ٹکرانے کی پیش گوئی بھی کی ہے۔
جتنی یہ پیش گوئیاں حیران کن ہیں اتنی ہی حیران کر دینے والی بات یہ ہے کہ درست پیش گوئیاں کرنے والی بلغاریہ کی نابینا خاتون بابا وانگا 1996 میں انتقال کر چکی ہیں اور انہوں نے مرنے سے پہلے ہی 2019 میں پیش آنے والے اہم واقعات کی پیش گوئیاں کی تھیں۔
برطانوی اخبار کی جانب سے جاری کی گئی بابا وانگا کی پیش گوئیوں کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو ان کی سیکورٹی ٹیم کا اہلکار انہیں ہلاک کرنے کی کوشش کرے گا۔
خیال رہے کہ پیوٹین خود بھی یہ انکشاف کر چکے ہیں کہ انہیں مارنے کی کئی بار کوششیں کی جا چکی ہیں۔
پیوٹن نے اپنی حفاظت کے لیے اسنائپرز کی ٹیم مقرر رکھی ہے، جس کا مشورہ انہیں 50 قاتلانہ حملوں میں محفوظ رہنے والے کیوبا کے رہنما فیڈل کاسترو نے دیا تھا۔
ٹرمپ کے بارے میں بابا وانگا کا کہنا تھا کہ 2019 میں وہ پُرسرار بیماری کا شکار ہو جائیں گے، جس میں وہ قے آنے سے کمزور ہو جائیں گے۔ ان کےکانوں میں بھنبھناہٹ ہوتی رہے گی اور وہ قوت سماعت سے محروم ہو جائیں گے، یہ محرومی انہیں ذہنی صدمے سے بھی دوچار کر دے گی۔
2004 میں سونامی کی پیش گوئی کرنے والی وانگا نے ایشیا میں ایک اور سونامی کا بتاتے ہوئے کہا تھا کہ اس سونامی میں پاکستان، بھارت، جاپان اور انڈونیشیا سمیت کئی ملکوں کا صفایا ہو جائے گا۔
قدرتی آفات کے علاوہ وانگا نے یہ بھی کہا تھا کہ 2019 میں یورپی یونین ٹوٹ جائے گی اور شہاب ثاقب روس سے ٹکرا جائے گا۔
بلغاریہ سے تعلق رکھنے والی نابینا خاتون بابا وانگا کا انتقال 1996 میں ہو گیا تھا۔مرنے سے قبل وہ کئی دہائیوں کی پیش گوئیاں کر گئی تھیں۔
بابا وانگا کی گزشتہ پیش گوئیوں میں 2001 میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملہ اور 2004 میں سونامی، 2010 میں سیاہ فام امریکی شہری کا امریکی صدر بننا اور اسی سال عرب دنیا میں تحریکوں کا اٹھنا اور 2018 میں چین دنیا کی سپر پاور بن جانا شامل ہیں۔
بابا وانگا کی 2019 کی پیش گوئیوں کے علاوہ مزید اگلےبرسوں کی پیش گوئیوں کے مطابق 2043 میں مسلمان یورپ پر غالب آجائیں گے اور خلافت قائم ہو گی جس کا مرکز روم ہو گا۔
بلغارین خاتون کی پیشین گوئی کے مطابق 2154 میں جانور آدھے انسان بن جائیں گے اور 5079 میں دنیا کا خاتمہ ہو جائے گا۔