05 فروری ، 2012
کراچی…محکمہ ریلوے اور نجی شعبے کے اشتراک سے چلنے والی بزنس ٹرین کی ساری سہولتیں نمائشی نکلیں،دوسرے ہی روز ٹی وی اور انٹرنیٹ سروس بند ،چائے بھی پھیکی پھیکی،مسافرشاکی نظر آئے۔ہفتے کے روز بزنس ٹرین اپنے پہلے سفر پر لاہور سے کراچی کو چلی تو ہر مسافر کے چہرے پر خوشی اور اطمینان تھا،راستے کے تمام اسٹیشن سے ہوتی ہوئی بزنس ٹرین کراچی بروقت پہنچی تو ریلوے اسٹیشن پر جشن کا سماں تھا،تاہم اگلے ہی روز جب ٹرین کراچی سے لاہور کیلیے نکلی تو مسافروں کو غیرمتوقع صورت حال کا سامنا کرنا پڑا،جدید سہولتوں سے آراستہ قرار دی گئی بزنس ٹرین کے تمام ٹی وی اور انٹرنیٹ سروس بند تھی۔شام کی چائے تو ملی مگر پہلے روز والے کیک بسکٹ اور نمکو غائب تھی، مسافروں نے شدید احتجاج کیا اور انتظامیہ کے اعلانات کے برعکس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔