دپیکا کے دولہا رنویر سارہ اور کارتک کیلئے میچ میکر بن گئے

رنویر سنگھ نے پہلی مرتبہ سارہ علی خان کو کارتک آریان سے شرارتی انداز میں متعارف کروایا—اسکرین شاٹ 

دپیکا کے دولہا رنویر سنگھ چھوٹے نواب سیف علی خان کی صاحبزادی سارہ علی خان کے لیے میچ میکر بن گئے۔

رنویر سنگھ کی فلم ’سمبا‘ 28 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی جس میں ان کے ساتھ سارہ علی خان جلوہ گر ہوں گی تاہم دونوں فلم کی ریلیز سے قبل تشہیر میں مصروف ہیں۔

حال ہی میں بالی وڈ ستاروں نے لوک میٹ ایوارڈز تقریب میں شرکت کی جس میں رنویر سنگھ سارہ علی خان اور اداکار کارتک آریان بھی شامل تھے۔

اس دوران رنویر سنگھ نے سارہ اور کارتک کی ملاقات کروائی اور دونوں سے چھیڑ چھاڑ بھی کی۔

گزشتہ دنوں سارہ علی خان اپنے والد کے ہمراہ بھارت کے مقبول ٹی وی شو ’کافی ود کرن‘ میں جلوہ گر ہوئی تھیں جس میں اداکارہ نے انکشاف کیا تھا کہ ’وہ کارتک آریان کے ساتھ ڈیٹ کرنا چاہتی ہیں کیونکہ انہیں وہ پسند ہیں‘۔

بعد ازاں کارتک آریان نے بھی اداکارہ کے بیان پر ایک انٹرویو میں سارہ کی تعریفوں کے پل باندھ دیے تھے۔

تاہم رنویر سنگھ نے پہلی مرتبہ سارہ علی خان کو کارتک آریان سے شرارتی انداز میں متعارف کروایا اور کہا کہ بڑی خوشی ہوئی آپ دونوں کو ملا کر، اس دوران رنویر نے مزاحیہ انداز میں دل کا ایموجی بنا کر بھی دونوں کو تنگ کیا‘۔

اس پر کارتک اور سارہ دونوں نے قہقہے بھی لگائے اور رنویر سنگھ کو چپ ہونے کا بھی کہا۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس کے بعد مداحوں نے خواہش  ظاہر کی ہے کہ دونوں کو ایک ساتھ فلم کرنی چاہیے۔

مزید خبریں :