21 دسمبر ، 2018
لاہور: نیب کی جانب سے گرفتار سرگودھا یونیورسٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جاوید کیمپ جیل میں انتقال کر گئے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سرگودھا یونیورسٹی کے غیر قانونی کیمپسز کھولنے کے الزام میں گرفتار میاں جاوید کیمپ جیل میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
سرگودھا یونیورسٹی لاہور سب کیمپس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر میاں محمد جاوید کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر میاں جاوید کے انتقال کے بعد کی تصاویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جس میں ان کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگی دیکھی جا سکتی ہیں۔
سرگودھا یونیورسٹی لاہور سب کیمپس کے سی ای او کے ساتھ اس سلوک کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
نیب نے کیمپ جیل میں میاں جاوید احمد کی موت پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت نے جاوید احمد کو اکتوبر 2018 میں ہی جوڈیشل کر دیا تھا اور کیمپ جیل لاہور کے حکام نے ملزم کو تحویل میں لیتے وقت مرحوم کی صحت کے حوالے سے باقاعدہ تصدیق دی تھی۔
ترجمان نیب کے مطابق مرحوم میاں جاوید احمد کو نیب لاہور سے صحت مند حالت میں کیمپ جیل منتقل کیا گیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کیمپ جیل حکام نے آج دل میں تکلیف کے باعث مرحوم کو سروسز اسپتال منتقل کیا تھا تاہم اس تاثر کی سختی سے تردید کی جاتی ہے کہ مرحوم نیب کی حراست کے دوران فوت ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ نیب حکام کی جانب سے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ میاں محمد جاوید سمیت دیگر افراد کو نیب نے اکتوبر میں گرفتار کیا تھا۔