04 اگست ، 2012
کراچی…ایم کیوایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر حیدر عباس رضوی نے کہاہے کہ ان کی جماعت نے بلوچستان میں پہلے کسی آپریشن کی حمایت کی نہ اب کرے گی، ایم کیوایم کے وفد نے مجلس وحدت المسلمین کے رہ نماوٴں سے ملاقات کی اور گول میز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہ نما حیدر عباس رضوی نے کہاکہ ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات کا سامنا ہے ، وقت آگیا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھیں، ایم کیو ایم نوازشریف اور سندھ کی قوم پرست جماعتوں سے بھی رابطہ کرے گی ۔ مجلس وحدت المسلمین کے سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس نے کہاکہ ملکی مسائل کا مل بیٹھ کر حل تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، وہ گول میز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔