04 اگست ، 2012
فیصل آباد … فیصل آباد میں پولیس نے زیر حراست 14 سالہ لڑکے کو مبینہ طو رپرتشدد کا نشانہ بنایا، تشویشناک حالت میں لایا گیا بچہ اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا، ورثا نے انصاف کیلئے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کردی۔ جھنگ بازار پولیس کے مطابق 2روز قبل حمید پارک کے رہائشی محمد رفیق کے 14 سالہ بیٹے زبیر کو حراست میں لیا گیا، جس کے خلاف ایک بچے سے بدفعلی کے الزام میں مقدمہ درج ہے جبکہ اس مقدمہ کے 2 ملزم پہلے ہی چالان ہو کر جیل جاچکے ہیں۔ پولیس کے زیر حراست تھانے میں زبیر کی حالت غیر ہو گئی، جس پر اسے الائیڈ اسپتال منتقل کیا گیا، اسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد زبیر دم توڑ گیا۔ زبیر کے والد کے مطابق اس کے بیٹے پر تھانے میں بہیمانہ تشدد کیا گیا اور گزشتہ رات جب وہ اپنے بیٹے کو کھانا دینے کیلئے تھانے پہنچا تو اس کی حالت انتہائی خراب تھی اور وہ الٹیاں کر رہا تھا۔ ایس ایس پی آپریشن کے مطابق زبیر کی طبیعت خراب ہونے پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم اگر میڈیکل رپورٹ میں تشدد ثابت ہوا تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ بیٹے کی وفات پر غم سے نڈھال والد نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کی ہے۔