05 فروری ، 2012
کوئٹہ …وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے کہا ہے کہ گوادر آئندہ آنے والے سالوں میں خطے کا سب سے اہم پورٹ سٹی اور بین الاقوامی تجارتی مرکزبن جائیگا۔ یہ بات انہوں نے صوبے کے سرمائی دارالحکومت گوادر میں مختلف وفود سے گفتگو میں کہی۔ نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ گوادر نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک بھر کا اہم ترین اثاثہ ہے، یہ بندرگاہ ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے، وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ گہرے پانی کی بندرگاہ ،کوسٹل ہائی وے اور سرمائی دارلحکومت کی حیثیت سے گوادر کی اہمیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور اس وقت پوری دنیا کی نظریں گوادر پر ہیں۔انھوں نے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر ندیم الحق سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے انہیں گوادر کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر ندیم الحق متعلقہ وفاقی حکام کے ہمراہ 15فروری کو گوادر کا دورہ کریں گے جبکہ وزیراعلی بلوچستان نے مکران ڈویڑن میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس 8فروری کوگوادر میں طلب کرلیا ہے۔