Time 02 جنوری ، 2019
پاکستان

پنجاب کے مختلف شہر شدید دھند کی لپیٹ میں، بالائی علاقوں میں برفباری

پنجاب میں دھند کے باعث موٹروے کے چند سیکشنز بند، اسلام آباد میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا، استور اور غذر میں برفباری کے بعد کئی علاقوں کا راستہ منقطع۔ فوٹو: فائل

پنجاب کے مختلف شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جب کہ موٹروے کے چند سیکشنز دھند کے باعث بند کردیے گئے، اسلام آباد میں ہلکی بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

پنجاب کے شہر وہاڑی، بورے والا ، میلسی اور گرد و نواح میں شدید دھند ہے اور حد نگاہ 10 میٹر رہ گئی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے، اسی طرح خانیوال میں بھی شدید دھند ہے اور حد نگاہ صفر ہوگئی۔

لودھراں شہر اور گرد و نواح میں دھند کا سلسلہ جاری ہے جب کہ مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد ، اوکاڑہ، ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ وطنی، میاں چنوں میں بھی دھند کا راج ہے، دھند کے باعث ملتان خانیوال اور بہاولپور روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

 دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا جب کہ آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کی تحصیل نکیال اور گرد و نواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر دھند

ترجمان موٹروے پولیس عمران احمد کے مطابق قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر دھند کا راج ہے جہاں حد نگاہ صفر سے 50 میٹر تک ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملتان خانیوال موٹروے اور موٹر وے ایم ٹو لاہور شیخوپورہ بھی دھند کی وجہ سے بند ہے۔

ترجمان موٹرویز کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران شہری غیر ضروری سفر سےگریز کریں، گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موبائل فون ایپلی کیشن "این ایچ ایم پی ہمسفر " میں ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے، سفر شروع کرنے سے پہلے اور دوران سفر ایپ کا استعمال مفید ثابت ہوسکتا ہے جس کے ذریعے موٹروے پولیس ایف ایم 95 کی نشریات براہ راست سن سکتے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ موٹروے پولیس ایف ایم ریڈیو سے تازہ ترین صورتحال ہر 15 منٹ بعد بتائی جارہی ہیں۔

بالائی علاقوں میں برفباری

ملکہ کو ہسار مری میں سال نو کی پہلی برفباری ہوئی جہاں دلکش نظاروں کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہے، نتھیا گلی سمیت گلیات کے مختلف علاقوں میں برفباری ہوئی۔

نتھیا گلی سے باڑیاں روڈ برفباری کے باعث بند ہے جہاں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے جب کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد سے نتھیا گلی روڈ برفباری کے باعث گزشتہ رات بند ہوگئی تھی جسے اب ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

دوسری جانب گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے ضلع کے درجنوں بالائی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، شدید برفباری کے بعد بالائی علاقوں کے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئی جب کہ ضلع استور میں بھی گزشتہ کئی گھنٹوں سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں :