کراچی: ایس ایس پی سینٹرل کے 'امتحان' میں ناکامی، مددگار 15 موبائل کی نفری معطل

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے مددگار 15 موبائل کی پوری نفری معطل کردی—۔جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی میں مددگار ون فائیو نارتھ ناظم آباد کا عملہ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) وسطی عارف اسلم راؤ کے 'امتحان' میں ناکام رہا اور ڈکیتی کی اطلاع پر کارروائی نہ کرنے پر ون فائیو پولیس موبائل کی پوری نفری معطل کردی گئی۔

دوسری جانب ایس ایچ اور ہیڈ محرر تھانا نارتھ ناظم آباد کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایس ایس پی سینٹرل نے مددگار 15 نارتھ ناظم آباد کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے کال کرکے ڈکیتی کی اطلاع دی، لیکن پولیس 23 منٹ تک موقع پر نہ پہنچ سکی اور مددگار 15 پولیس موبائل کا عملہ تھانے کی حدود نہ ہونے کے بہانے کرتا رہا۔

ذرائع کے مطابق ایس ایس پی عارف اسلم راؤ بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی میں گھومتے رہے، پولیس موبائل بھی ان کے سامنے سے گزری مگر کسی نے بغیر نمبر پلیٹ کی کار کو چیک نہیں کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ایس ایس پی عام شہری کے روپ میں تھانے پہنچے تو انھیں ایس ایچ او سے نہیں ملنے دیا گیا، رپورٹنگ روم کا عملہ باتوں میں مصروف رہا جبکہ سنتری بھی ڈیوٹی کے لیے گیٹ پر موجود نہیں تھا۔

ایس ایس پی نے اس صورت حال پر کارروائی کرتے ہوئے مددگار 15 نارتھ ناظم آباد موبائل کی پوری نفری معطل کردی۔

دوسری جانب ایس ایچ او اور ہیڈ محرر نارتھ ناظم آباد کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے جبکہ ڈی ایس پی کی بھی سرزنش کی گئی۔

مزید خبریں :