04 جنوری ، 2019
فرخ سلیم نے انکشاف کیا ہے کہ 24 دسمبر تک وزیراعظم آفس کے اجلاسوں میں باقاعدگی سے شرکت کرتا رہا۔
خیال رہے کہ اکتوبر میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا تھا کہ فرخ سلیم کو حکومت کا مشیر برائے معاشی امور تعینات کر دیا گیا ہے۔
چند روز قبل فرخ سلیم نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران وفاقی حکومت کی روپے کی قدر گرانے کی پالیسی کو ناکام قرار دیتے ہوئے تسلیم کیا کہ حکومت کی حکمت عملی کام نہیں کر رہی۔
اس انٹرویو کے بعد فواد چوہدری نے ایک بار پھر ٹوئٹ کیا کہ فرخ سلیم کبھی بھی حکومت کے ترجمان نہیں رہے۔
فرخ سلیم نے اپنے ایک بیان میں انکشاف کیا ہے کہ وہ 24 دسمبر تک باقاعدگی سے وزیراعظم آفس میں ہونے والے اجلاسوں میں شرکت کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے تین ماہ میں کبھی نہیں بتایا گیا کہ وہ حکومت کے ترجمان نہیں ہیں۔
مسلم لیگ ن نے وزیراعظم سمیت وزراء، مشیروں اور معاونین کے تقرر کے نوٹی فکیشن سامنے لانے کا مطالبہ کر دیا۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے نوٹیفکیشن کے بغیر لوگوں کی کابینہ اجلاسوں میں شرکت خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ کل یہ لوگ سامان اٹھا کر بھاگ جائیں کہ ان کا نوٹیفکیشن ہی نہیں ہوا تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کا نوٹی فکیشن بھی سامنے لایا جائے جنہیں روز ان کی بیگم وزیراعظم ہونے کا بتاتی ہیں۔