05 جنوری ، 2019
لاہور: احتساب عدالت نے نیب کو شہبازشریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔
نیب کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں شہبازشریف سے جیل میں تفتیش کے لیے لاہور کی احتساب عدالت میں درخواست دائر کی گئی۔
نیب نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ شہباز شریف کے اثاثے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے، آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں شہبازشریف سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت شہباز شریف سے جیل میں تفتیش کرنے کی اجازت دے۔
احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر سماعت کرکے نیب حکام کو شہبازشریف سے منسٹر انکلیو میں ان کی سب جیل قرار دی گئی رہائش گاہ اور کوٹ لکھپت جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔
واضح رہے کہ نیب نے شہبازشریف کو گزشتہ سال 5 اکتوبر کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گرفتار کیا ہے اور اس کیس میں سابق وزیراعلیٰ پر چار الزامات عائد کیے گئے ہیں۔