06 فروری ، 2012
اسلام آباد…سپریم کورٹ کی جانب سے حکومت کو ضمنی انتخابات کو قانونی تحفظ دینے کی ڈیڈ لائن آج ختم ہورہی ہے۔پارلیمنٹ کے دونوں ایوان20 ویں آئینی ترمیم منظور نہ کرسکے تو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 28 ارکان نااہل ہوجائیں گے۔چیف جسٹس افتخارچوہدری کی سربراہی میں چار رکنی بنچ آج بوگس اندراج سے پاک ووٹرز لسٹوں کی تیاری کے کیس کی سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر موجودہ ووٹرلسٹوں پرضمنی انتخابات کا عمل روک دیا تھا جب کہ نامکمل الیکشن کمیشن کے تحت ہونے والے 28 ضمنی انتخابات کی آئینی حیثیت پرایک بار پھر مہلت دی تھی جو آج ختم ہورہی ہے۔گزشتہ سماعت پر عدالت کو بتایا گیا تھا کہ نامکمل الیکشن کمیشن کے تحت ضمنی انتخابات کی توثیق کے لیے 20ویں آئینی ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کردیاگیاہے۔گزشتہ سماعت پر ہی قائمہ کمیٹی قانون کی چیئرپرسن، اٹارنی جنرل اور ضمنی الیکشن کے کامیاب امیدواروں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ایک مہلت دی جائے۔ اس پر عدالت نے 28 ضمنی الیکشنز کے نتائج کی معطلی کا حکم روکتے ہوئے قراردیاکہ تھا کہ غیر تصدیق شدہ ووٹر لسٹوں پر ضمنی الیکشن نہ کرائے جائیں۔