Time 14 جنوری ، 2019
پاکستان

پنجاب اسمبلی میں گرفتار رکن کا پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا بل منظور

اسمبلی اجلاس میں رولز آف پروسیجر میں ترامیم کی منظوری دی گئی— فوٹو:فائل 

لاہور: پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کو پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا اختیار دینے کیلئے ترمیم منظور ہوگئی۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر پرویز الہی کے زیرصدارت ہوا جس میں پنجاب اسمبلی کو چلانے کے قواعد میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔

پنجاب اسمبلی کے ارکان نے اسپیکر کو کسی بھی گرفتار رکن کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا اختیار دینےکیلئے ترمیم منظور کر لی ہے جس کے مطابق کسی بھی گرفتار رکن کو ایوان میں لانے کیلئے اسپیکر کو درخواست دی جا سکے گی۔

اس کے بعد اسپیکر گرفتار رکن کے اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے سمن جاری کر سکے گا۔

متعلقہ اتھارٹی گرفتار رکن کو اسمبلی کے سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کرے گی اور اجلاس کے اختتام پر گرفتار رکن کو سارجنٹ ایٹ آرمز متعلقہ اتھارٹی کے حوالے کرنے کا پابند ہوگا۔

پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس، استحقاق اور دیگر قائمہ کمیٹیوں کے ارکان میں بھی اضافے کی ترمیم متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ 

قائمہ کمیٹیوں کے ارکان کی تعداد 10 سے بڑھا کر 11 کر دی گئی جب کہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس کیلئے کورم 3 ارکان سے بڑھا کر 4 کر دیا گیا۔

پبلک اکاؤنٹس اور استحقاق کمیٹی ارکان کی تعداد 13 سے بڑھا کر 17 کر دی گئی جب کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور استحقاق کمیٹی کا کورم 4 ارکان سے بڑھا کر 6 کر دیا گیا۔

ایوان کی منظوری کے بعد اب پنجاب اسمبلی کے رولز آف پروسیجر فوری نافذ العمل ہوں گے۔

دوسری جانب ترمیم منظور ہوتے ہی پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ 

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سلمان رفیق اپنے بھائی سعد رفیق کے ساتھ پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں نیب کی حراست میں ہیں۔

مزید خبریں :