پاکستان
Time 18 جنوری ، 2019

پنجاب کے سرکاری ملازمین کیلئے متعدد مراعات کی منظوری


لاہور: وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کے لیے متعدد مراعات میں اضافے کی منظوری دیدی۔

پنجاب سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کے جنازے اور بچوں کے شادی فنڈز میں ریکارڈ اضافے کے ساتھ سرکاری ملازمین کے یتیم بچوں کی اسکالرشپس اور بیواؤں کی ماہانہ معاونت میں اضافے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے حکومت پنجاب کے ملازمین کے لیے منظور کی گئی مراعات کی تفصیلات کے مطابق گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر بنیادی تنخواہ بطور فیئرویل ملے گی۔

وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے مطابق گریڈ ایک سے گریڈ 22 تک کے ملازمین کی جنازہ گرانٹ بڑھا کر 50 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

 نان گزیٹڈ ملازمین کو بچوں کی شادی گرانٹ 15 ہزار کے بجائے ایک لاکھ روپے ملے گی جب کہ گزیٹڈ آفیسرز کے بچوں کی شادی گرانٹ 40 ہزار سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپےکر دی گئی ہے۔

نان گزیٹڈ سرکاری ملازمین کے یتیم بچوں کو میٹرک تک سالانہ اسکالرشپ 1500 سے بڑھا کر 5000 روپے کر دی گئی ہے جب کہ میٹرک سے اوپر اسکالرشپ 10 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ گزیٹڈ آفیسرز کے یتیم بچوں کی اسکالرشپ 20 سے بڑھا کر 50 ہزار روپے سالانہ کر دی گئی ہے۔

گریڈ ایک سے گریڈ 10 تک ملازمین کی بیواؤں کی ماہانہ معاونت 1950 سے بڑھا کر 5000 روپے اور گریڈ 11 سے گریڈ 15 کے ملازمین کی بیواؤں کی ماہانہ امداد 2550 سے بڑھا کر7500 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

سرکاری افسران کی بیواؤں کی ماہانہ معاونت 10 ہزار سے 20 ہزار روپےکر دی گئی۔اس سے قبل سرکاری افسران کی بیواؤں کی ماہانہ معاونت 5250 سے لیکر 12 ہزار روپے کے درمیان تھی۔

مزید خبریں :