Time 21 جنوری ، 2019
پاکستان

کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آ کر میاں بیوی زخمی

خاتون کو کمر میں گولی لگی، دونوں میاں بیوی جناح اسپتال میں زیرعلاج، فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی کے علاقے کورنگی نمبر چار ميں پوليس اور ملزمان کے درميان فائرنگ کی زد ميں آکر مياں بيوی زخمی ہوگئے جب کہ غفلت برتنے پر دونوں اہلکاروں کو حراست ميں لے ليا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق رات گئے کورنگی نمبر چار میں نامعلوم ملزمان اہلکار سے سرکاری اسلحہ چھین کر فرار ہوئے تو اُس موقع پر موجود دوسرے اہلکار نے فائرنگ شروع کردی، ملزمان اور اہلکار کے درمیان فائرنگ کی زد میں آکر عدنان اور اس کی اہلیہ زخمی ہوگئے۔

دونوں میاں بیوی کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

جناح اسپتال کی قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ زخمی عدنان اور ثاقبہ زیرعلاج ہیں، خاتون کی کمر میں گولی لگی تھی جس کا رات گئے ہی آپریشن کردیا گیا تھا۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے مزید کہا کہ عدنان کے سر اور کمر کے اوپردائیں جانب گولی لگی جب کہ ثاقبہ کے جسم میں بھی ایک گولی سینے سے نیچے کی طرف موجود ہے، زخمی میاں بیوی کو جنرل وارڈ سے اسپیشل وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔

پولیس مقابلے کے بعد ايس ايس پی کورنگی علی رضا موقع پر پہنچے اور جائے واردات کا جائزہ ليا، بعدازاں ميڈيا سے گفتگو ميں انہوں نے کہا کہ مسلح ملزمان پولیس اہلکاروں کی سرکاری ایس ایم جی چھین کر فرار ہوئے، تو دوسرے اہلکار نے مزاحمت کی اور دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کی زد میں آکر عدنان اور اس کی بیوی ثاقبہ زخمی ہو گئے۔

ملزمان مقابلے کے بعد سرکاری اسلحہ پھینک کر فرار ہوگئے، جائے وقوعہ سے ایک خول ملا ہے جس کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے جب کہ آئی جی سندھ کلیم امام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ 

مزید خبریں :