11 فروری ، 2019
دبئی: پاکستان سوپر لیگ کی سب سے متحرک فرنچائز لاہور قلندرز کے کوچ اور ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید پر امید ہیں کہ کپتان محمد حفیظ 14 فروری کو کھیلے جانے والے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں ایکشن میں ہوں گے اور اے بی ڈویلیرز کی موجودگی میں قلندرز کی بیٹنگ محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پہلے تین سیزن میں نتائج کے اعتبار سے لاہور قلندرز خاصے پیچھے رہے، البتہ اس بار بہتر نتائج کے معاملے میں انھیں اپنی ٹیم سے بڑی توقعات ہیں۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز متوازن ٹیم ہے اور سب سے بڑھ کر محمد حفیظ کی کپتانی اہم پہلو ہے جب کہ مایہ ناز کھلاڑی اے بی ڈی ویلئیرز کی موجودگی میں قلندرز کی بیٹنگ کوئی دو رائے نہیں کہ محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
38 سالہ آل راؤنڈر محمد حفیظ دورہ جنوبی افریقا میں ہیمسٹرنگ انجری کے سبب تین ٹی ٹوئنٹی میچز نہیں کھیل سکے تھے تاہم عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کی فٹنس رپورٹ خاصی مثبت ہے اور یقین رکھتے ہیں کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایونٹ کے افتتاحی میچ میں محمد حفیظ ہی لاہور قلندرز کی قیادت کرتے دکھائی دیں گے۔
فخر زمان کی حالیہ کارکردگی کے تناظر میں پوچھے گئے سوال پر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ لیگ کرکٹ کے معاملات قدرے مختلف ہوتے ہیں اور یو اے ای کی پچز ہیں، جہاں وہ سمجھتے ہیں کہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین مایوس نہیں کریں گے۔
افتتاحی میچ پر گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ یہ ہمارے لئے پہلا تجربہ ہے، پہلے تین سیزن میں ہم کبھی پہلا میچ نہیں کھیلے، اس بار ہمیں یہ موقع مل رہا ہے تاہم ہم پر کوئی دباؤ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے لئے پہلا میچ ہی نہیں پہلے تین میچ اہمیت کے حامل ہیں جو انہیں چار دن میں کھیلنا ہوں گے۔
افتتاحی میچ میں ٹاس کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید کا خیال تھا کہ اگر 'اوس' ہوئی تو یقیناً اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔