Time 13 فروری ، 2019
کھیل

پی ایس ایل کے فائنل کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کی خواہش

پی ایس ایل 4 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی دبئی میں تمام ٹیموں کے کپتانوں کی موجودگی میں ہوئی۔ 

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور 2019ء کا فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان منعقد ہو گا، تو فائنل کا مزہ ہی دوبالا ہوجائے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام "اسکور" میں خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پہلے دو سیزن میں جب پی ایس ایل کا کوئی میچ کراچی میں نہیں ہوا تو ان کی خواہش تھی کہ 2018ء کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے اور جب ایسا ہوا تو انھیں بہت خوشی ہوئی۔

"پی ایس ایل" کا فائنل کرا چی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان ہو گا تو فائنل کا مزہ ہی دوبالا ہو جائے گا: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ— فوٹو: جیو نیوز

وزیر اعلیٰ  سندھ نے کہا کہ انھیں اس بار بھی انتہائی فخر سے کہنا پڑ رہا ہے کہ 2019ء پی ایس ایل کے سب سے زیادہ 5 میچ بشمول فائنل کراچی میں منعقد ہوں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ مستقبل میں انھیں امید ہے کہ نہ صرف پورا پی ایس ایل پاکستان کے میدانوں پر کھیلا جائے گا بلکہ بین الااقوامی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کو لاہور قلندرز کے چیئرمین فواد رانا نے اپنی ٹیم کی شرٹ پیش کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کا بہت شکریہ جنھوں نے انھیں ملاقات کا شرف بخشا۔

 فواد رانا کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ حضرت لال شہباز قلندر کی دھرتی سیہون کے فرزند ہیں اور انھوں نے قلندرز ہونے کے ناطے ہم سے وعدہ کیا ہے کہ جب وہ حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری دیں گے تو وزیر اعلیٰ سندھ بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

مزید خبریں :