Time 19 فروری ، 2019
پاکستان

نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے پر بھارتی ہائی کمشنر طلب

بھارتی حکومت واقعات کا نوٹس لے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے، دفترخارجہ — فوٹو: فائل 

اسلام آباد: دفترخارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے اور ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں گھسنے کی کوشش پر شدید احتجاج کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسپیشل سیکریٹری ایشیا پیسیفک امتیاز احمد نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گرویو احولالیہ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارت کی جانب سے سفارتی آداب کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکی آمیز فون کالز موصول ہورہی ہیں اور نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے باہر مظاہرین نے گیٹ سے زبردستی اندر گھسنے کی کوشش کی۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی سفارتکاروں اور ان کے خاندان کو ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ جاری ہے۔

سیکریٹری ایشیا پیسیفک نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت واقعات کا نوٹس لے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔

پاکستان نے بھارت میں اپنے ہائی کمیشن کی ناقص سیکیورٹی پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ 

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے دروازے تک مظاہرین کی رسائی پر تشویش ہے اور پاکستانی سفارتی عملے سے متعلق نامناسب زبان کا استعمال کیا گیا۔ 

اسپیشل سیکریٹری ایشیا پیسیفک امتیاز احمد نے مطالبہ کیا کہ بھارت سیکیورٹی کی ناکامی کے واقعے کی تحقیقات کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے۔ 

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں غاصب بھارتی فوج پر کارخودکش حملے کے بعد بھارت نے کشیدگی کا ماحول پیدا کردیا ہے۔

گزشتہ روز نئی دہلی میں ہندو انتہاپسندوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں ہائی کمیشن میں گھنے کی کوشش کی تھی۔

مزید خبریں :