07 اگست ، 2012
ریاض…سعودی عرب نے میانمر میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے وزیر اطلاعات وثقافت ڈاکٹر عبدالعزیز خوجہ نے کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے میانمر میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشدد اور نسل کشی کے واقعات کی شدید مذمت کی اور اسے حقوق انسانی کے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ کابینہ نے میانمر کے مسلمانوں کے خلاف تشدد بند کرنے اور اس ضمن میں بین الاقوامی برادری سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے شام کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قراردار کا بھی خیرمقدم کیا ہے۔