06 مارچ ، 2019
لاہور یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) نے طلبا اور طالبات کیلئے لباس اور گفتگو کا ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے جس کے مطابق نامناسب لباس پہننے اور غیر مہذب گفتگو پر جرمانہ اور سزا دی جائے گی۔
یونیورسٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق یونیورسٹی کی حدود میں طلبا اور طالبات پر غیرمہذب گفتگو اور نامناسب لباس پہننے پر دو ہزار روپے جرمانہ اور سزا دی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق یو ای ٹی نے طلبا اور طالبات میں نامناسب لباس کے بڑھتے رجحان کو روکنے کے لیے 'ڈریس کوڈ' جاری کیا ہے۔
ڈریس کوڈ کے مطابق طلبا ڈریس پینٹ شرٹ، بند جوتے اور شلوار قمیض کے ساتھ ویسٹ کوٹ پہن سکتے ہیں۔
طالبات پر بغیر بازو اور کم لمبائی والی قمیض کے ساتھ بڑے گلے والی اور چھوٹی قمیض اور اسکِنی پینٹ بھی پہننے پر پابندی ہوگی ۔
جاری کیے گئے ضابطہ اخلاق میں نازیبا گفتگو اوراشارے بازی کی بھی سخت ممانعت کی گئی ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈریس کوڈ اور نظم وضبط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دو ہزار روپے جرمانے کے علاوہ یونیورسٹی قواعد کے تحت سخت سزا بھی دی جائےگی اور انتظامیہ کی جانب ڈریس کوڈ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔