سعودی وزیر کی وزیراعظم و آرمی چیف سے ملاقات، شاہ سلمان اور ولی عہد کے پیغامات پہنچائے

وزیراعظم عمران خان اور سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی۔ فوٹو: جیو نیوز

وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے ملاقات کر کے سعودی فرمانروا اور ولی عہد کے پیغامات پہنچائے۔

سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کے علاوہ سیکریٹری خارجہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سعودی وزیر نے وزیراعظم عمران خان کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خصوصی پیغامات پہنچائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاک سعودی عرب تعلقات اور پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر بھی بات چیت ہوئی۔

عادل الجبیر کی آرمی چیف جنرل باجوہ سے ملاقات

 ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا— فوٹو: آئی ایس پی آر

سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید سے بھی ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیرمملکت برائے امور خارجہ نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عادل الجبیر نے پاکستان کیلئے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

قبل ازیں سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی تھی۔

مزید خبریں :