07 مارچ ، 2019
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی کی تفصیلات جیو نیوز نے حاصل کر لیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 3 گھنٹے سے زائد جاری رہا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی سرزنش کی اور کہا کہ فیصل واوڈا آپ وفاقی وزیر ہیں، سوچ سمجھ کر بات کیا کریں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فیصل واوڈا کو آئندہ الفاظ کے چناؤ اور ادائیگی میں احتیاط سےکام لینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے اجلاس میں دیگر وزراء کو بھی اپنی گفتگو کے دوران اخلاقیات کا دامن نہ چھوڑنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزراء پر بھاری ذمہ داری ہے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل تیز کریں، وزارتیں اور محکمے اہداف بروقت مکمل کریں۔
وزیراعظم نے تمام وزراء کو میڈیا اور عوامی اجتماعات میں ذمہ دارانہ گفت گو کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام وزارتیں اور متعلقہ محکمے اپنی رپورٹس بروقت بھجوائیں۔