08 مارچ ، 2019
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ سندھ کو گرفتار کرلیا۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آفتاب میمن کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال پر گرفتار کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیاہےکہ آفتاب میمن نے سرکاری پلاٹ غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے میں کردار ادا کیا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ آفتاب میمن پر سیاسی شخصیت کے فرنٹ مین کو غیر قانونی طور پر زمین الاٹ کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ آفتاب میمن اہم سیاسی شخصیت اور ایک سیاسی جماعت کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔
ملزم کا 13 روزہ جسمانی ریمانڈ
دوسری جانب نیب حکام نے ملزم آفتاب میمن کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا اور جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ آفتاب میمن نے قومی خزانے کو 80 کروڑ کا نقصان پہنچایا، ملزم کے قبضے میں ریکارڈ ہے لہٰذا ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم آفتاب میمن کا 13 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
عدالت نے نیب کو ملزم آفتاب میمن کا طبی معائنہ کرانے اور آئندہ سماعت سے قبل میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔