03 اپریل ، 2019
کوئٹہ: چوروں نے مشرقی بائی پاس پر ایک ہی رات میں 83 دکانوں کا صفایا کردیا۔
اتوار کی شب کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس اور پشتون آباد میں چوری اور ڈکیتی کی اجتماعی وارداتوں نے پولیس کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے۔
اس واردات میں چوروں کے گروپ نے تقریباً 500 میٹر کےعلاقے میں 83 دکانوں کا صفایا کیا اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
صدر انجمن تاجران بلوچستان کا کہنا ہے کہ ایک ہی رات میں اور ایک ہی چوک پر 83 دکانیں لوٹ لی گئیں لیکن پولیس، انتظامیہ اور ایگل فورس سوتی رہی جب کہ اس علاقے میں تین پولیس اسٹیشن قائم ہیں۔
صوبائی دارالحکومت میں گاڑیوں اور موٹرسائیکل چھیننے اور چوری کرنے کے واقعات میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ایک ماہ کے دوران شہریوں کو 60 سے زائد قیمتی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے محروم ہونا پڑا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ اوز سمیت دیگر افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی تاہم اب تک نہ تو کوئی کارروائی ہوئی نہ کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔