11 اپریل ، 2019
اسلام آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان میں نمائش کے لیے پہنچا دی گئی جسے ملک بھر میں لے جایا جائے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ دبئی سے اسلام آباد پہنچے ہیں۔
آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی کی نمائشی تقریب کل اسلام آباد میں ہوگی جس کے بعد اسے 13 اپریل کو لاہور اور 14 اپریل کو کراچی لے جایا جائے گا۔
ورلڈ کپ ٹرافی کی نمائش کے موقع پر شہری اس کے ساتھ تصاویر اور سیلفیز بھی بنا سکیں گے۔
کپتان سرفراز احمد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انشاءاللہ ورلڈکپ جیت کر ٹرافی کو واپس پاکستان ہی لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 10 سال بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہوئی ہے جس پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس میں پاک فوج کا نمایاں کردار ہے۔
کپتان کا کہنا تھا کہ 14 اپریل کو کراچی میں عظیم الشان جشن منایا جائے گا جس میں کرکٹرز بھی شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2019 کا آغاز 30 مئی سے ہوگا اور ایونٹ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔