Time 11 اپریل ، 2019
دنیا

بھارت کے عام انتخابات کیلئے 20 ریاستوں میں پولنگ، مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

بھارت کی قومی اسمبلی کے انتخابات 7 مراحل میں ہونا ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی: بھارت کی قومی اسمبلی (لوک سبھا) کے انتخابات کے لیے آج 20 ریاستوں میں انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہو چکا تاہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتخابات کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی۔

بھارت کی لوک سبھا کی کل 543 نشستوں پر ووٹنگ 7 مراحل میں ہونا ہے جس کا باقاعدہ آغاز 20 ریاستوں کی 91 نشستوں پر پولنگ سے ہو چکا ہے۔

پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے تک جاری رہا جب کہ پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے اہلکار تعینات رہے۔

جن ریاستوں میں پولنگ ہو رہی ہے، ان میں آندھرا پردیش، ارون چل پردیش، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، مہاراشٹرا، مقبوضہ جموں کشمیر، مانی پور، میگھالیہ، میزو رام، ناگالینڈ، اودیشا، سکم، تلنگانا، اتر پردیش، اترکھنڈ، مغربی بنگال، آندامن، لکشدویپ اور تری پورا شامل ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کی کال پر پولنگ کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی گئی، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہے، سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم رہا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولنگ کے عمل کے دوران 10 مقامات پر لڑائی جھگڑے اور فسادات کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں لوک سبھا کی 91 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالےگئے، انتخابات کے پہلےمرحلے میں 18 ریاستوں اور 2 یونین علاقوں میں ووٹ ڈالےگئے جب کہ دوسرے مرحلے کی پولنگ18 اپریل کو ہو گی۔

یاد رہے کہ بھارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 18 اپریل کو 13 ریاستوں، تیسرے مرحلے میں 23 اپریل کو 14 ریاستوں میں پولنگ ہوگی اور آخری ساتویں مرحلے میں 19 مئی کو 8 ریاستوں میں پولنگ ہوگی جس کے بعد نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائےگا۔

مزید خبریں :