09 اگست ، 2012
نئی دہلی… مالیاتی بحران کے شکار بھارتی نجی ایئر لائنز کنگ فشر کے پائلٹوں اور انجینئرز کی ہڑتال کے باعث 30 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ۔ ایئر لائنز کے پائلٹوں کی طرف سے یہ ہڑتال تنخواہوں کی بروقت ادائیگی نہ کئے جانے پر کی جا رہی ہے۔ ایئر لائنز کے ترجمان کے مطابق تقریباً 22 پروازیں نئی دہلی جبکہ 9 پروازیں ممبئی ایئر پورٹس سے منسوخ کی گئیں۔ پائلٹوں کے مطابق گزشتہ چھ ماہ سے انہیں تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جا رہی جبکہ ایئر لائنز حکام کی جانب سے کئی بار ادائیگی کے وعدے کئے گئے۔ واضح رہے کہ کنگ فشر ایئر لائنز 1.4 ارب ڈالر قرض تلے دبی ہوئی ہے جس کی وجہ سے اسے پچھلے دنوں اپنے عملے میں کمی کرنا پڑی جبکہ اس کی طرف سے کئی انٹرنیشنل پروازیں بھی بند کر دی گئیں۔