Time 11 مئی ، 2019
پاکستان

گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کا حملہ، سیکیورٹی گارڈ شہید


گوادر کے فائیو اسٹار پی سی ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک سیکیورٹی گارڈ شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تین دہشت گردوں نے پرل کانٹینینٹل (پی سی) ہوٹل گوادر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش، انٹری پر موجود گارڈ نے دہشت گردوں کو روکا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے پی سی ہوٹل کا سیکیورٹی گارڈ شہید ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پی سی میں موجود مہمانوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کردی۔

سیکیورٹی فورسز کے اہلکار دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر بالائی منزل تک لے گئے، آخری اطلاعات تک سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری تھا۔

وزیر اطلاعات بلوچستان نے اس حوالے سے بتایا کہ گوادر کے ہوٹل میں صرف اسٹاف موجود تھا جنہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ تین دہشت گردوں نے ہوٹل پر حملہ کیا جس پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کی۔

دوسری جانب چینی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق پی سی ہوٹل گوادر پر دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں، پاک فوج اور سیکیورٹی ادروں کے جرات مندانہ اقدام کو سراہتے ہیں۔

سفارت خانے کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ حملے میں شہید سیکورٹی گارڈز کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور زخمی ہونے والے دونوں گارڈز کی جلد صحت یابی کی دعا گو ہیں۔

خیال رہے کہ یہ فائیو اسٹار ہوٹل گوادر کے فش ہاربر روڈ پر کوہِ باطل میں واقع ہے۔ گوادر کا خطہ اربوں ڈالر کے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کی وجہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

مزید خبریں :