چیک باؤنس کیس: سابق گورنر عشرت العباد کے بھائی عامر العباد کو جیل بھیج دیا گیا

فائل فوٹو: عامر العباد

کراچی: عدالت نے چیک باؤنس کے مقدمے میں گرفتار سابق گورنر سندھ عشرت العباد کے بھائی عامر العباد کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

پولیس نے عامر العباد کو جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ کی عدالت میں پیش کیا جہاں ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ آپ نے اب تک کیا تفتیش کی؟ اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم اور دیگر گواہوں کےبیانات ریکارڈ کرلیے ہیں، تفتیشی افسر کے جواب پر عدالت نے کہا کہ یہ آدھے گھنٹے کا کام ہوتا ہے۔

عامر العباد کے وکیل نے کہا کہ عدالت میں ملزم کی ضمانت کی درخواست جمع کرارہے ہیں اس پر جرح کرلی جائے جس پر عدالت نے کل صبح کا وقت دیا۔

تاہم عدالت نے پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو مستردکرکے ملزم عامر العباد کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

واضح رہے کہ سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے بھائی عامر العباد کو 17 مئی کو کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے گرفتار کیا گیا ان پر تھانہ سٹی کورٹ میں چیک باؤنس ہونے کا مقدمہ درج ہے۔

مزید خبریں :